نئی دہلی ،2 ؍فروری (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )راجیہ سبھا میں آج انا ڈی ایم کے کے ارکان نے تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلی آنجہانی جے للتا کو ملک کے اعلی ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے سرفراز کئے جانے اور نوبل انعام کے لیے ان کے نام کی سفارش کئے جانے کا مطالبہ کیاہے ۔بجٹ سیشن کے پہلے مرحلے کے دوسرے دن آج ایوان بالا میں وقفہ صفر کے دوران انا ڈی ایم کے کی وجیلا ستیہ نارائن نے کہا کہ جے للتا نے وزیر اعلی کے عہدے پر رہتے ہوئے ریاست کے ہر طبقے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے انتھک جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ جے للتا نے خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی اسکیمیں چلائیں، غریبوں کے لیے مفت اناج کا انتظام کیا اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ جے للتا کی مقبولیت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے انتقال کے بعد ان کے مخالفین تک نے کہا کہ وہ کبھی نہیں چاہتے تھے جے للتا کا انتقال ہو، ان سے لگاؤ کی وجہ سے ہی ریاست کی عوام انہیں ’اماں‘کہتی تھی۔وجیلا نے کہا کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے بے لوث طریقہ سے کئے گئے کاموں کو دیکھتے ہوئے جے للتا کو بعد از مرگ بھارت رتن سے نوازا جانا چاہیے ۔پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں ان کا قدآدم کانسہ کا مجسمہ لگایا جانا چاہیے اور نوبل انعام کے لیے بھی ان کے نام کی سفارش کی جانی چاہیے ۔انا ڈی ایم کے کے دیگر ارکان نے ان کے اس مطالبہ کی حمایت کی ۔وقفہ صفر کے دوران ہی سی پی ایم کے تپن کمار سین نے میڈیکل ری پریزنٹیٹو کی کل سے شروع ہونے جا رہی ملک گیر ہڑتال کاموضوع اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل ری پریزنٹیٹو دواؤں اور طبی آلات کی فروخت کی قیمت کو پیداوار کی لاگت کی بنیاد پر کنٹرول کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔یہ میڈیکل ری پریزنٹیٹو چاہتے ہیں کہ ادویات اور طبی آلات پر ایکسائز ڈیوٹی، کمرشیل ٹیکس اور جی ایس ٹی کو واپس لیا جائے کیونکہ ان کی وجہ سے ادویات اور طبی آلات کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔